ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بغیر کسی پریشانی کے مخلوط حکومت کے 100 دن مکمل ، اگلے پانچ سالوں تک مستحکم حکومت فراہم کی جائے گی: پرمیشور

بغیر کسی پریشانی کے مخلوط حکومت کے 100 دن مکمل ، اگلے پانچ سالوں تک مستحکم حکومت فراہم کی جائے گی: پرمیشور

Wed, 29 Aug 2018 21:40:21    S.O. News Service

بنگلورو،29؍اگست(ایس او نیوز) ریاست میں کانگریس جنتادل (ایس) مخلوط حکومت نے ا پنے اقتدار کے 100 دن بغیر کسی پریشانی کے مکمل کرلئے ہیں، اسی طرح آنے والے پانچ سال بھی مکمل کرلئے جائیں گے۔ یہ یقین آج نائب وزیراعلیٰ ڈاکٹر جی پرمیشور نے کہی۔

ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ اپوزیشن پارٹیوں نے پیشین گوئی کی تھی کہ یہ حکومت زیادہ دن نہیں چلے گی، لیکن بغیر کسی پریشانی کے سو دن پورے ہوچکے ہیں اور اگلے پانچ سال تک بھی ریاست کو مستحکم انتظامیہ فراہم کرے گی۔ ابتدائی سو دنوں میں کئی عوام پرور قدم اٹھائے گئے ہیں۔ سابقہ سدرامیاحکومت کی طرف سے عوام کی فلاح کے لئے جاری تمام منصوبوں کو اس حکومت نے اپناتے ہوئے انہیں آگے بڑھایا ہے۔کسانوں کے 31ہزار کروڑ روپیوں تک کے قرضے معاف کردئے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ نجی ذرائع سے کسانوں نے جو قرضے لئے ہیں ان کو معاف کرنے کی طرف بھی حکومت قدم اٹھارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست کے 13 اضلاع سنگین خشک سالی کی صورتحال سے دو چارہیں ، جبکہ کورگ ، مرکیرہ ، چکمگلور اور منگلور سیلاب کی وجہ سے بھاری نقصانات اٹھارہے ہیں۔

ریاستی حکومت نے متاثرین کی فوری مدد کے لئے قدم اٹھائے ہیں۔ ڈاکٹر پرمیشور نے کہاکہ متاثرین کی امداد کے لئے مرکزی حکومت نے اب تک ایک پیسہ بھی جاری نہیں کیا ہے۔ وزیراعظم نے پڑوسی ریاست کیرلا کے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کیا لیکن وہیں کرناٹک کو نظر انداز کردیا۔ ڈاکٹر پرمیشور نے بتایاکہ ریاست میں سیلاب کی صورتحال سے مچنے والی تباہی کا جائزہ پیش کرنے کے لئے وہ وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی کے ہمراہ 30اگست کو دہلی جائیں گے اور مرکزی وزیر داخلہ سے ملاقات کرکے سیلاب زدہ علاقوں میں باز آباد کاری کے لئے دو ہزار کروڑ روپیوں کی امداد کا تقاضہ رکھیں گے۔

انہوں نے کہاکہ وزیر برائے ترقیات بنگلور کی حیثیت سے انہوں نے شہر بنگلور میں آٹھ ہزار کلومیٹر تک کی غیر قانونی کیبل لائنوں کوہٹادیا ہے۔فلیکس اور بینر عدالت کے حکم کے مطابق ہٹاکر شہر کی خوبصورتی یقینی بنائی گئی ہے۔ کیمپے گوڈا لے آؤٹ کے لئے سائٹوں کی فراہمی کا سلسلہ کامیابی کے ساتھ مکمل کرلیا گیا ہے، ساتھ ہی فریفرل رنگ روڈ کے تعمیری کام میں تیزی لائی گئی ہے، جس پر 13500 کروڑ روپے خرچ کئے جارہے ہیں۔ ساتھ ہی دو یلیویٹیڈ کاریڈور کی تعمیر کے لئے ڈی پی آر کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ اضلاع میں انتظامیہ کو چست رکھنے کے لئے ڈپٹی کمشنر اور ضلع پنچایتوں کے چیف ایگزی کیٹیو افسروں کو ہدایت دی گئی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایاکہ کسی بھی سیاست دان کے فون کی ٹیپنگ نہیں ہورہی ہے۔ اور واضح کیا کہ بلدی انتخابات کا عمل مکمل ہونے کے بعد ہی کابینہ میں توسیع اور بورڈز وکارپوریشنوں کے تقررات عمل میں آئیں گے۔ بی جے پی کے ذریعے کلبرگی میں کانگریس لوک سبھا پارٹی کے قائد ملیکارجن کھرگے کو کمزور کرنے کے لئے ہورہی کوششوں پر انہوں نے بتایاکہ کانگریس پارٹی بھی اس کا منہ توڑ جواب دے گی۔ 


Share: